چمن: اصغر خان اچکزئی کی عبوری ضمانت منسوخ، عدالت کے حکم پر گرفتار
چمن میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت نے عوامی نیشنل پارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی کی عبوری ضمانت ختم کرتے ہوئے انہیں کمرہ عدالت سے گرفتار کرنے کا حکم دے دیا، جس پر پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق اصغر خان اچکزئی کو قتل اور اغوا کے مقدمات میں گرفتار کیا گیا ہے۔ یہ مقدمات تقریباً ایک سال قبل چمن میں قبائلی تنازع کے دوران مقامی شخص تیمور شاہ کے قتل سے متعلق ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتول کے والد ظاہر شاہ کی درخواست پر اصغر خان اچکزئی کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس میں قتل کے لیے تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 302 اور اغوا سے متعلق دفعہ 365 شامل کی گئی ہیں۔
عدالت کی جانب سے عبوری ضمانت منسوخ کیے جانے کے بعد پولیس نے اصغر خان اچکزئی کو عدالتی کمرے سے گرفتار کیا اور بعد ازاں چمن بائی پاس پولیس لاک اَپ منتقل کردیا۔
اصغر خان اچکزئی بلوچستان اسمبلی کے سابق رکن بھی رہ چکے ہیں۔ مقدمے میں عائد الزامات کا فیصلہ عدالتی کارروائی کے ذریعے ہونا باقی ہے۔