شیخوپورہ موٹروے پر ایلیٹ فورس کی گاڑی کو حادثہ، 2 پولیس اہلکار شہید، 4 زخمی
شیخوپورہ موٹروے پر ایلیٹ پولیس فورس کی گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار جان کی بازی ہار گئے جبکہ چار اہلکار زخمی ہوگئے۔
حادثے میں شہید ہونے والوں کی شناخت کانسٹیبل ڈرائیور اصغر علی اور ایلیٹ کانسٹیبل نوید افضل کے ناموں سے ہوئی ہے۔
واقعے پر آئی جی پنجاب نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی ایلیٹ پولیس فورس سے حادثے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو زخمی اہلکاروں کے علاج معالجے کے لیے بہترین طبی سہولیات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ فرائض کی انجام دہی کے دوران جانیں قربان کرنے والے پولیس اہلکار محکمے کا فخر ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ شہدا کے اہلِ خانہ کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
حکام کے مطابق شہید اہلکاروں کی نمازِ جنازہ پولیس لائنز جہلم میں ادا کی جائے گی۔