خیبرپختونخوا کے ڈپٹی کمشنرز کو ایم پی او کے تحت گرفتاری اور نظر بندی کے اختیارات مل گئے

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے کے ڈپٹی کمشنرز کو مینٹیننس آف پبلک آرڈر (ایم پی او) آرڈیننس کے تحت گرفتاری اور نظر بندی کے اختیارات تفویض کر دیے ہیں۔

اپنے بیان میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اس فیصلے کا مقصد ضلعی سطح پر بروقت اور مؤثر احتیاطی اقدامات کو یقینی بنانا ہے، تاکہ ایم پی او سے متعلق معاملات پر تیزی سے کارروائی کی جا سکے۔

گورنر کے مطابق اس اقدام کے بعد سال 2025 میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ کو اختیارات دینے سے متعلق جاری کردہ نوٹیفکیشن غیر مؤثر ہو جائے گا۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ نئے انتظامی فیصلے سے سرکاری کارروائیوں میں تاخیر کم کرنے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان رابطہ و تعاون بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ تفویض کردہ اختیارات کا استعمال آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر کیا جانا چاہیے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے امید ظاہر کی کہ تمام ڈپٹی کمشنرز اپنی ذمہ داریاں احتیاط اور سنجیدگی سے ادا کریں گے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی تعاون کریں گے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ ان اختیارات کا کسی صورت غلط استعمال نہیں ہونا چاہیے۔ فیصل کریم کنڈی کے مطابق عوام کا امن، تحفظ اور سلامتی ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔