یوکرین کا منفرد ریسکیو آپریشن، 491 دن محاذ پر رہنے والے زخمی فوجی کو ڈرون سے بچا لیا گیا

یوکرینی فوج نے روس کے ساتھ جاری جنگ کے دوران محاذ پر 491 دن گزارنے والے شدید زخمی فوجی کو ڈرون کی مدد سے بحفاظت نکال لیا۔ اس کارروائی کو اپنی نوعیت کا غیر معمولی ریسکیو آپریشن قرار دیا جا رہا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرینی فوج کی جاری کردہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خارکیو کے علاقے میں ایک بڑا ڈرون زخمی فوجی کو اٹھا کر فضاء میں لے جا رہا ہے۔ دوسری جانب فوجی اہلکار مانیٹرنگ روم میں بیٹھ کر پورے آپریشن کی نگرانی کرتے رہے اور کامیاب ریسکیو پر ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے دکھائی دیے۔

رائٹرز نے ویڈیو میں دکھائے گئے مقام اور ریکارڈنگ کی تاریخ کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں کی۔ تاہم، ادارے کے مطابق 19 اکتوبر 2026 سے پہلے یہ ویڈیو انٹرنیٹ پر دستیاب نہیں تھی۔

رپورٹ کے مطابق زخمی فوجی ولاسینکو نے بتایا کہ وہ 491 دن تک محاذ پر ایک پوزیشن میں زیادہ تر تنہا موجود رہا۔ اس دوران اسے بچانے کی کوشش میں اس کے دو ساتھی فوجی بھی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، لیکن ٹانگوں پر شدید زخموں کے باوجود وہ اپنی جگہ پر ڈٹا رہا۔

ولاسینکو کے مطابق روسی فوج کو گمان تھا کہ وہ ہلاک ہو چکا ہے، تاہم وہ اکتوبر میں ریسکیو کیے جانے تک ایک چھوٹے بوائلر روم میں چھپ کر زندہ رہا۔ بالآخر ڈرون کے ذریعے اسے وہاں سے نکال لیا گیا۔