بالی ووڈ اداکارہ دیویا وینیکر 40 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں

بالی ووڈ فلم ’ڈارلنگز‘ میں پولیس کانسٹیبل کا کردار نبھانے والی اداکارہ دیویا وینیکر 40 سال کی عمر میں چل بسیں۔ ان کے انتقال کی اطلاع سامنے آ گئی ہے، تاہم موت کی وجہ سے متعلق تاحال کوئی باضابطہ تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

اداکارہ کے انتقال کی خبر ان کی قریبی دوست اور ریڈیو جوکی روہنی رامناتھن نے منگل، 20 اکتوبر کو سوشل میڈیا کے ذریعے شیئر کی۔ انہوں نے اپنے پیغام میں دیویا وینیکر کی اچانک موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے انتہائی صدمہ انگیز قرار دیا۔

روہنی رامناتھن کے مطابق اداکارہ کی وفات غیر متوقع طور پر ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت دیویا کے اہل خانہ اور قریبی دوست غم کی کیفیت سے گزر رہے ہیں۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ خاندان کی نجی زندگی کا خیال رکھا جائے اور فی الحال موت کی وجہ سے متعلق سوالات کرنے سے گریز کیا جائے۔

دیویا وینیکر کے انتقال کی خبر پر مداحوں اور شوبز انڈسٹری سے وابستہ شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا۔ سوشل میڈیا پر صارفین نے انہیں خوش مزاج، نرم دل اور زندگی سے بھرپور شخصیت کے طور پر یاد کرتے ہوئے ان کے ساتھ گزارے گئے وقت کی یادیں بھی شیئر کیں۔

دیویا وینیکر کو 2022 میں ریلیز ہونے والی فلم ’ڈارلنگز‘ میں اداکاری کے باعث خاصی پہچان ملی تھی۔ فلم میں انہوں نے عالیہ بھٹ کے ساتھ کام کیا اور پولیس کانسٹیبل کا کردار ادا کیا۔ اس کے علاوہ وہ فلم ’جلسہ‘ میں بھی دکھائی دی تھیں، جس میں ودیا بالن اور شیفالی شاہ نے مرکزی کردار نبھائے تھے۔