جھانوی کپور کا جم کے باہر تصاویر بنانے پر پاپارازی فوٹوگرافروں سے اظہارِ ناراضی

بالی ووڈ اداکارہ جھانوی کپور نے جم سے باہر نکلتے وقت اپنی تصاویر کھینچنے والے پاپارازی فوٹوگرافروں کے سامنے اپنے تحفظات رکھ دیے اور کچھ عرصے کے لیے اس عمل کو روکنے کی درخواست کی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ نے اس معاملے پر گفتگو کے لیے فوٹوگرافروں سے بند کمرے میں ملاقات کی۔ اس موقع پر جھانوی کپور کا کہنا تھا کہ شائقین بھی روزانہ اداکاروں کو جم سے باہر نکلتے ہوئے دیکھنے کی تصاویر سے اکتا چکے ہیں، کیونکہ فنکاروں کی اصل پہچان ان کا فلمی کام ہونا چاہیے۔

فوٹوگرافر کے مطابق جھانوی کپور نے خاص طور پر جم سے باہر آتے ہوئے تصاویر بنانے کا سلسلہ عارضی طور پر روکنے کی اپیل کی۔ اداکارہ نے اس حوالے سے یہ خدشہ بھی ظاہر کیا کہ انسٹاگرام پر ان تصاویر کے نیچے اکثر نامناسب اور نازیبا تبصرے کیے جاتے ہیں۔

واضح رہے کہ جھانوی کپور اس سے قبل بھی مشہور شخصیات کی اجازت کے بغیر ان کی تصاویر اور ویڈیوز بنانے کے عمل پر تنقید کر چکی ہیں۔