لاہور: رشوت لے کر اشتہاری ملزم کو چھوڑنے کے الزام میں پولیس کانسٹیبل گرفتار
لاہور کے علاقے نواں کوٹ میں پولیس نے مبینہ طور پر رشوت وصول کرکے اشتہاری ملزم کو رہا کرنے کے الزام میں اپنے ہی محکمے کے ایک کانسٹیبل کو گرفتار کرلیا۔
لاہور پولیس کے مطابق کانسٹیبل نواز کے خلاف تھانہ نواں کوٹ میں مقدمہ نمبر 3226/26 درج ہے، جس کے تحت اسے حراست میں لے کر حوالات منتقل کردیا گیا ہے۔ کانسٹیبل پر الزام ہے کہ اس نے 10 ہزار روپے رشوت کے عوض اشتہاری ملزم فضل عباس کو چھوڑ دیا تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فضل عباس ایف آئی اے گجرات میں درج مقدمہ نمبر 200/25 میں مطلوب تھا۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ اختیارات کا ناجائز استعمال اور بدعنوانی کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی، جبکہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے پولیس اہلکار بھی کارروائی سے مستثنیٰ نہیں ہوں گے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا ہے کہ وردی کی آڑ میں اختیارات کا غلط استعمال کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس کے محکمے میں احتساب اور قانون کی بالادستی یقینی بنانے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔