فرانس میں ہنگاموں کا ذمہ دار مسلمانوں کو ٹھہرانا احمقانہ ہے، صدر میکرون

فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے کہا ہے کہ ملک میں ہونے والے ہنگاموں کا الزام مسلمانوں پر عائد کرنا غیر منطقی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بعض غیر ملکی رہنما فرانس کی اندرونی کشیدگی کو اپنے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر میکرون نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت دیگر غیر ملکی رہنماؤں کے بیانات پر تنقید کی اور انہیں ناقابلِ قبول اور مضحکہ خیز قرار دیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مصنوعی ذہانت کی مدد سے ایسے واقعات کی تصاویر بھی تیار کی گئیں جو حقیقت میں پیش ہی نہیں آئے تھے۔

ایمانوئل میکرون کا کہنا تھا کہ فرانس پر تارکینِ وطن اور اسلام پسندوں کے قبضے سے متعلق دعوے مکمل طور پر بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فرانس کو تنقید کا نشانہ بنانے والے غیر ملکی رہنماؤں کا طرزِ عمل ان کے لیے باعثِ تشویش ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فرانس میں ہونے والے ہنگاموں کا ذمہ دار مسلمان تارکینِ وطن کو قرار دیا تھا، جس پر فرانسیسی صدر نے ردعمل ظاہر کیا ہے۔