ایران کا انتباہ، امریکی جنگی جہازوں کو دوبارہ خلیج میں داخل نہیں ہونے دیں گے

ایران کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل علی عبداللہی نے خبردار کیا ہے کہ تہران امریکی جنگی جہازوں کی خلیج میں دوبارہ آمد روکنے کے لیے پُرعزم ہے۔

میجر جنرل علی عبداللہی کا دعویٰ ہے کہ ایران نے امریکی بحریہ کی صلاحیت کو مؤثر طور پر محدود کردیا ہے، جس کے باعث امریکی جنگی جہازوں کے لیے خلیج فارس اور ایرانی سمندری حدود کے قریب آنا مشکل ہوگیا ہے۔

ایرانی چیف آف اسٹاف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جوہری پروگرام سے متعلق بیانات کو متضاد قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ ان کے ذریعے میڈیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکا اور اسرائیل کی افواج اپنے ہی اقدامات کے نتیجے میں مشکلات میں گھرتی چلی جائیں گی۔

میجر جنرل علی عبداللہی نے مزید خبردار کیا کہ ایران کے ساتھ طویل فوجی محاذ آرائی امریکا کو مزید مشکلات سے دوچار کرسکتی ہے۔ ان کے مطابق ایران پر فوجی دباؤ ڈالنے اور دھمکیاں دینے کی حکمت عملی مطلوبہ نتائج حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوگی۔