شہباز شریف کا اقوام متحدہ کے منشور کی خلاف ورزیوں پر اظہارِ تشویش، کشمیر اور فلسطین کا ذکر
وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کے منشور کی خلاف ورزیوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کی صورتِ حال کو اس کی نمایاں مثالیں قرار دیا ہے۔
اقوام متحدہ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے عالمی امن، ریاستوں کی خودمختاری اور حقِ خودارادیت کے اصولوں کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر یہ دن منا رہا ہے، جو اقوام متحدہ کے منشور کی منظوری کے 81 سال مکمل ہونے کی یاد دلاتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان تمام ممالک کی خودمختار برابری، دیگر ریاستوں کے داخلی معاملات میں مداخلت سے گریز اور تنازعات کو پُرامن طریقوں سے حل کرنے کے اصولوں کی حمایت کرتا ہے۔
وزیراعظم نے منشور کی مسلسل خلاف ورزیوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور بھارت کے غیرقانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر اور مقبوضہ فلسطین کو اس حوالے سے اہم مثالیں قرار دیا۔
اپنے پیغام میں شہباز شریف نے عالمی امن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے اقوام متحدہ کے امن مشنز کے اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے بالخصوص پاکستانی اہلکاروں کی قربانیوں کو سراہا جنہوں نے دنیا میں امن کے قیام کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔
وزیراعظم کے مطابق پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشنز میں نمایاں کردار ادا کرنے والے ممالک میں شامل ہے اور عالمی امن کے قیام و استحکام کے لیے اپنی خدمات کو اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے کردار اور اس کے امدادی پروگراموں کو بھی قابلِ قدر قرار دیا۔