اسلام آباد میں مین ہیٹن طرز کا جدید شہر بسانے کا اعلان، دسمبر میں پلاٹس کی نیلامی ہوگی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں مین ہیٹن کی طرز پر ایک جدید اور بلند عمارتوں پر مشتمل شہر تعمیر کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔ ان کے مطابق یہ نیا شہر وزیراعظم ہاؤس کے عقب میں قائم کیا جائے گا، جبکہ اس منصوبے کے تحت قیمتی پلاٹس کی نیلامی دسمبر میں ہوگی۔
اسلام آباد میں سعودی پاک رئیل اسٹیٹ ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے بتایا کہ مجوزہ شہر کو جدید طرز پر تعمیر کیا جائے گا، جہاں شاپنگ مالز اور رہائشی کمپلیکسز سمیت بڑے منصوبوں کے لیے سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
وزیر داخلہ کے مطابق سرمایہ کاروں کو ان منصوبوں کے لیے پلاٹس بلا معاوضہ فراہم کرنے کی تجویز ہے، تاہم اس کے ساتھ دو اہم شرائط بھی رکھی گئی ہیں۔ پہلی شرط یہ ہے کہ منصوبے کو تین سال کے اندر مکمل کرنا ہوگا، جبکہ دوسری شرط کے تحت تعمیر ہونے والی ہر عمارت کی بلندی 600 فٹ سے زیادہ ہونی چاہیے۔
محسن نقوی نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو سہولت دینے کے لیے تمام انتظامی امور ون ونڈو نظام کے ذریعے نمٹائے جائیں گے، تاکہ انہیں مختلف مراحل میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ سعودی عرب کے سرمایہ کار بھی اس منصوبے میں دلچسپی لیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مجوزہ جدید شہر سے سرمایہ کاری کے نئے اور نمایاں مواقع پیدا ہوں گے۔