پی سی بی کی جانب سے بلائنڈ کرکٹ کونسل کے بجٹ میں کمی، انعامی رقم بھی گھٹا دی گئی
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے بجٹ میں کمی کردی ہے، جس کے نتیجے میں ڈومیسٹک مقابلوں کی انعامی رقم میں بھی نمایاں کٹوتی کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق بلائنڈ کرکٹ کے ڈومیسٹک ایونٹ کی انعامی رقم 6 لاکھ روپے سے کم کرکے 2 لاکھ روپے مقرر کردی گئی ہے۔ اس کے علاوہ بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین کو ملنے والا پیٹرول الاؤنس بھی ختم کردیا گیا ہے۔
بلائنڈ کرکٹ کونسل کے ذرائع نے بجٹ میں کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ کسی واضح وجہ کے بغیر کیا گیا۔ ان کے مطابق مالی وسائل میں کمی کے باعث بلائنڈ کرکٹ کی سرگرمیاں متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔