ترقیاتی معلومات عوام کا حق ہیں، باخبر شہری ہی ترقی کی بنیاد ہیں، مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عالمی یوم ترقیاتی معلومات کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں سے متعلق معلومات تک رسائی عوام کا بنیادی حق ہے، کیونکہ باشعور اور باخبر شہری معاشرتی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اس دن کی مناسبت سے ڈیجیٹل خواندگی اور درست معلومات کی اہمیت اجاگر کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ ترقیاتی امور سے متعلق مستند معلومات کی فراہمی سے بدعنوانی کی روک تھام میں مدد ملتی ہے اور فلاحی منصوبوں کے ثمرات براہِ راست مستحق افراد تک پہنچائے جاسکتے ہیں۔ ان کے مطابق ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے معلومات کی بہتر ترسیل پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہوسکتی ہے، جبکہ عوامی آگاہی کے فروغ سے انصاف پر مبنی معاشرے کی تشکیل ممکن ہے۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب سوشو اکنامک رجسٹری کے درست اعداد و شمار کی مدد سے غربت اور پسماندگی کے خاتمے اور ترقیاتی اقدامات کو مؤثر بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ترقیاتی سرگرمیوں کے ایک نئے دور کا آغاز ہوچکا ہے، جس کے تحت شہروں، قصبوں اور دیہات تک ترقی کے ثمرات پہنچانے پر توجہ دی جارہی ہے۔ انہوں نے صوبے میں 45 ہزار کلومیٹر سے زائد سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور جدید طرز کے مریم نواز ہیلتھ کلینکس کو ترقیاتی اقدامات کی مثالیں قرار دیا۔

مریم نواز کے مطابق صوبے کے تمام علاقوں میں متوازن ترقی سے پسماندہ طبقات کی حالت بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی چھت، اپنا گھر جیسی کم لاگت رہائشی اسکیم کو بھی وسیع پیمانے پر پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔

وزیراعلیٰ نے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق معلومات عوام تک پہنچانے میں محکمہ اطلاعات پنجاب کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی عمل میں مؤثر ابلاغ بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ ان کے مطابق حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کو ترقیاتی منصوبوں اور اقدامات کے بارے میں درست معلومات میسر ہوں اور معلومات تک ان کی رسائی یقینی بنائی جائے۔