پاکستان ریلویز میں ہنگامی اقدامات، فیلڈ افسران کی چھٹیاں منسوخ
پاکستان ریلویز نے ٹرینوں کی محفوظ آمدورفت کو یقینی بنانے کے لیے ہنگامی اقدامات نافذ کردیے ہیں، جن کے تحت فیلڈ میں تعینات افسران کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔ یہ انتظامات 31 دسمبر تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی ہدایات پر ریلوے نظام میں حفاظتی انتظامات مزید مؤثر بنانے کے لیے ہنگامی حالت نافذ کی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق مسافروں کو محفوظ سفری سہولتیں فراہم کرنے پر توجہ دی جارہی ہے۔
نئے احکامات کے تحت فیلڈ افسران کی آئندہ تین ماہ کی تمام چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔ ریلوے افسران کو یہ ہدایت بھی دی گئی ہے کہ وہ اتوار کے روز بھی فیلڈ میں موجود رہیں اور ٹرین آپریشنز کی نگرانی کریں۔
مزید برآں، سرکاری امور کے سلسلے میں دوسرے شہروں کا دورہ کرنے والے ریلوے افسران کے لیے ٹرین کے ذریعے سفر کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے، تاکہ وہ خود ریلوے آپریشنز اور سفری انتظامات کا جائزہ لے سکیں۔
حکم نامے کے مطابق سول اور مکینیکل شعبوں کے چیف انجینئرز کو روزانہ کی بنیاد پر اپنے متعلقہ امور کی رپورٹ وزارت ریلوے کو ارسال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اسی طرح ریلوے کے سیفٹی ہیڈ سے بھی روزانہ رپورٹ طلب کی گئی ہے تاکہ حفاظتی اقدامات کی نگرانی اور عمل درآمد کا جائزہ لیا جاسکے۔