کرسٹیانو رونالڈو دولت کے نئے سنگ میل پر، فٹبال کے پہلے ملٹی بلینیئر کھلاڑی بن گئے
پرتگال کے معروف فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے مالی کامیابی کے حوالے سے ایک اور بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔ امریکی جریدے فوربز کی رپورٹ کے مطابق وہ فٹبال کی تاریخ کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں جن کی مجموعی دولت ملٹی بلینیئر کی سطح تک پہنچ گئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 41 سالہ رونالڈو نے گزشتہ 12 ماہ کے دوران تقریباً 22 کروڑ 50 لاکھ پاؤنڈ کمائے۔ سعودی فٹبال کلب النصر کی جانب سے انہیں یومیہ لگ بھگ 4 لاکھ 88 ہزار پاؤنڈ معاوضہ دیا جاتا ہے، جبکہ اشتہارات اور مختلف کاروباری منصوبوں سے ان کی آمدنی میں مزید 4 کروڑ 20 لاکھ پاؤنڈ کا اضافہ ہوا۔
فوربز کی جانب سے جاری کردہ امیر ترین فٹبالرز کی فہرست میں ارجنٹائن کے اسٹار لیونل میسی دوسرے نمبر پر موجود ہیں، جن کی گزشتہ سال کی آمدنی تقریباً 10 کروڑ 90 لاکھ پاؤنڈ رہی۔
فرانس کے نامور فٹبالر کائیلیان ایمباپے 7 کروڑ 50 لاکھ پاؤنڈ کی آمدنی کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ مانچسٹر سٹی کے ایرلنگ ہالینڈ نے چوتھی، جبکہ ریال میڈرڈ کے وینیسیئس جونیئر نے پانچویں پوزیشن حاصل کی۔ اسپین کے نوجوان فٹبالر لامین یامال فہرست میں چھٹے نمبر پر رہے۔
رونالڈو اور میسی کی مالی برتری کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ گزشتہ 13 برسوں کے دوران دونوں کھلاڑی 12 مرتبہ اس فہرست میں پہلی اور دوسری پوزیشن پر قابض رہے ہیں۔ یہ تسلسل میدان میں ان کی مقبولیت کے ساتھ ساتھ تجارتی اور مالی کامیابیوں کو بھی نمایاں کرتا ہے۔