پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش، سردی کی شدت میں اضافہ
خیبرپختونخوا کے بعد پنجاب کے متعدد علاقوں میں بارش کے باعث موسم سرد ہوگیا ہے، جبکہ اسلام آباد میں بھی ابر آلود موسم کے ساتھ ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق نارووال، شکرگڑھ، کرتارپور، نورکوٹ اور ان کے نواحی علاقوں میں تیز بارش ہوئی، جس کے بعد درجہ حرارت میں کمی اور سردی کی شدت میں اضافہ محسوس کیا جا رہا ہے۔
ادھر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صبح سے ہی آسمان پر گہرے بادل چھائے ہوئے ہیں۔ شہر کے بعض حصوں میں ہلکی بارش بھی ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں موجود ہے، جس کے زیرِ اثر اسلام آباد اور گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ مزید بارش ہونے کا امکان ہے۔ اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔
محکمے نے آج بالائی پنجاب، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش کی پیش گوئی کی ہے، جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ دوسری جانب ملک کے بیشتر دیگر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔