پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں کے لیے رقم جمع کرانے کی حد بڑھا دی گئی

پنجاب کی جیلوں میں قید افراد کے ذاتی اخراجات کے لیے ان کے اکاؤنٹس میں رقم جمع کرانے کی حد 10 ہزار روپے سے بڑھا کر 25 ہزار روپے مقرر کر دی گئی ہے۔ اس فیصلے کے بعد قیدیوں کے اہلخانہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور بینکنگ ایپس کے ذریعے گھر بیٹھے رقم منتقل کر سکیں گے۔

نئی سہولت کے تحت قیدیوں کے اکاؤنٹس میں رقم جمع کرانے کے لیے اہلخانہ کو بار بار بینکوں کے چکر نہیں لگانا پڑیں گے، جس سے مالی معاونت کی فراہمی کا عمل مزید آسان ہو جائے گا۔

اس اقدام کا مقصد قیدیوں اور ان کے خاندانوں کو سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ جدید ڈیجیٹل مالیاتی ذرائع کے استعمال کو فروغ دینا بھی ہے۔

اس سہولت کو عملی شکل دینے کے لیے محکمہ جیل خانہ جات پنجاب اور بینک آف پنجاب کے درمیان باقاعدہ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط بھی کر دیے گئے ہیں۔