لاہور: اسکوٹی سوار لڑکی اور پیٹرول پمپ ملازم پر تشدد کے مقدمات، ملزمان کو عدالتی ریلیف مل گیا
لاہور میں اسکوٹی پر سوار لڑکی کو تشدد کا نشانہ بنانے اور پیٹرول پمپ کے ملازم پر مبینہ حملے کے مقدمات میں گرفتار ملزمان کو عدالت سے ریلیف مل گیا ہے۔
مزنگ پولیس نے اسکوٹی سوار لڑکی پر تشدد کے مقدمے میں گرفتار ملزم کو ضلع کچہری میں پیش کیا اور اس کے جوڈیشل ریمانڈ کی درخواست کی۔ عدالت نے مقدمے میں عائد دفعات کو قابلِ ضمانت قرار دیتے ہوئے ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ملزم کی ضمانت منظور کرلی اور رہائی کا حکم دے دیا۔
دوسری جانب پیٹرول پمپ کے ملازم پر مبینہ تشدد کے کیس میں گرفتار ملزم سعادت انیس کو فریقین کے درمیان صلح ہونے پر عدالت نے مقدمے سے ڈسچارج کردیا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل مزنگ لنک روڈ پر راستہ نہ دینے کے معاملے پر اسکوٹی سوار لڑکی پر تشدد کی ویڈیو منظرعام پر آئی تھی۔ اسی طرح نواب ٹاؤن میں سگریٹ پینے سے منع کرنے پر پیٹرول پمپ کے ایک ملازم کو تشدد کا نشانہ بنانے کا واقعہ بھی سامنے آیا تھا۔