واٹس ایپ میں شیڈولڈ میسجنگ فیچر کی آزمائش شروع، آئی فون صارفین بھی مستفید ہوں گے
واٹس ایپ نے آئی فون صارفین کے لیے پیغامات مقررہ وقت پر خودکار طور پر بھیجنے کی سہولت کی جانچ شروع کردی ہے۔ اس فیچر کی مدد سے صارفین پہلے ہی پیغام تیار کرکے اس کے بھیجے جانے کی تاریخ اور وقت طے کرسکیں گے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ ڈبلیو اے بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق شیڈولڈ میسجنگ کی سہولت ابتدائی طور پر اینڈرائیڈ کے بیٹا ورژن میں دیکھی گئی تھی، تاہم اب اسے محدود تعداد میں آئی او ایس بیٹا صارفین کے لیے بھی آزمایا جارہا ہے۔
اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے صارف کسی چیٹ میں پیغام تحریر کرنے کے بعد ہولڈ بٹن دبائے گا، جس کے بعد مطلوبہ تاریخ اور وقت منتخب کرکے پیغام کی ترسیل شیڈول کی جاسکے گی۔
پیغام شیڈول ہونے کے بعد متعلقہ چیٹ میں اس کی تصدیقی اطلاع بھی دکھائی دے گی۔ رپورٹ کے مطابق یہ اطلاع صرف اسی صارف کو نظر آئے گی جس نے پیغام بھیجنے کا وقت مقرر کیا ہوگا۔
صارفین اس سہولت کے ذریعے پیغام کم از کم 10 منٹ بعد سے لے کر دو ہفتے تک کے لیے شیڈول کرسکیں گے۔ اس کے علاوہ صرف تحریری پیغامات ہی نہیں، بلکہ تصاویر، ویڈیوز اور ویب لنکس بھی مقررہ وقت پر بھیجنے کے لیے ترتیب دیے جاسکیں گے۔ تاہم فی الحال متعدد تصاویر یا ویڈیوز کو ایک ساتھ شیڈول کرنے کا آپشن دستیاب نہیں ہے۔
فیچر کن صارفین کو دستیاب ہے؟
اس وقت یہ سہولت صرف منتخب بیٹا ٹیسٹرز کے لیے جاری کی گئی ہے۔ جن صارفین کو اس فیچر تک رسائی نہیں ملی، وہ اسے اپنی طرف سے فعال نہیں کرسکتے۔
آئی فون اور اینڈرائیڈ دونوں پلیٹ فارمز پر اس فیچر کی آزمائش جاری ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مستقبل میں اسے مزید صارفین کے لیے پیش کیا جاسکتا ہے۔ تاہم واٹس ایپ کی جانب سے اس فیچر کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔