یورپ میں موسمِ سرما کا آغاز، گھڑیاں ایک گھنٹہ پیچھے کر دی گئیں

فرانس، اسپین، انگلینڈ سمیت یورپ کے بیشتر ممالک میں موسمِ سرما کے وقت کا اطلاق کرتے ہوئے گھڑیوں کو ایک گھنٹہ پیچھے کر دیا گیا ہے۔ اس تبدیلی کے نتیجے میں فرانس اور پاکستان کے درمیان وقت کا فرق تین سے بڑھ کر چار گھنٹے ہوگیا ہے۔

نئے نظام کے تحت پاکستان کا وقت اب فرانس سے چار گھنٹے آگے ہوگا۔ وقت میں اس تبدیلی کے باعث یورپ میں رہنے والے پاکستانیوں اور پاکستان میں موجود اپنے اہلخانہ و عزیز و اقارب سے رابطے رکھنے والے افراد کو فون کالز اور دیگر رابطوں کے اوقات میں بھی ردوبدل کرنا پڑے گا۔

یورپی ممالک میں موسمِ سرما کے دوران گھڑیاں ایک گھنٹہ پیچھے کرنے کا مقصد دن کی روشنی سے بہتر انداز میں فائدہ اٹھانا ہے۔ یہ نظام آئندہ سال موسمِ بہار تک نافذ رہے گا، جس کے بعد گھڑیوں کو دوبارہ آگے کیا جائے گا۔