امریکا میں وسط مدتی انتخابات کے لیے قبل از وقت ووٹنگ شروع، ٹرمپ نے بھی ووٹ ڈال دیا
امریکا میں وسط مدتی انتخابات کے لیے قبل از وقت ووٹنگ کا عمل شروع ہوگیا ہے، جس کے دوران صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ نے ریاست فلوریڈا میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ووٹ ڈالنے کے بعد صدر ٹرمپ نے بتایا کہ انہوں نے اپنی جماعت کے امیدواروں کی حمایت میں ووٹ دیا ہے۔ اس کے بعد وہ انتخابی مہم کے سلسلے میں ریاست جارجیا روانہ ہوگئے، جہاں انہیں ایک ریلی سے خطاب کرنا تھا۔
رپورٹس کے مطابق ان انتخابات میں امریکی ایوانِ نمائندگان کی تمام 435 نشستوں پر ووٹنگ ہوگی، جبکہ ملک کی 50 ریاستوں میں ووٹرز کو قبل از وقت اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ سینیٹ کی 35 نشستوں پر بھی انتخابی مقابلے ہوں گے، جبکہ 36 ریاستوں میں گورنرز کے انتخاب کے لیے ووٹنگ کرائی جائے گی۔