ملتان میں خاتون سے زیادتی کا دعویٰ جھوٹا قرار، مخالفین کو پھنسانے کی مبینہ سازش بے نقاب
ملتان میں شوہر اور بچوں کے ہمراہ سفر کرنے والی خاتون کی جانب سے زیادتی کا لگایا گیا الزام ابتدائی تحقیقات میں غلط ثابت ہونے کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔ پولیس کے مطابق واقعے کا مقصد مبینہ طور پر رقم کے عوض مخالفین کو مقدمے میں پھنسانا تھا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کی شب پیش آنے والے اس واقعے میں ڈکیتی اور زیادتی کی واردات کا مبینہ طور پر منصوبہ بنایا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ عابد نامی شخص کا اپنے مخالفین کے ساتھ مالی تنازع چل رہا تھا، جس کے حل کے لیے اس نے سعد اور اس کی اہلیہ کو مبینہ طور پر 2 لاکھ 40 ہزار روپے دے کر منصوبے میں شامل کیا۔
پولیس کے مطابق طے شدہ منصوبے کے تحت میاں بیوی ایک مخصوص مقام پر پہنچے اور وہاں ڈکیتی اور زیادتی کی اطلاع دی۔ پولیس نے ابتدائی طور پر مقدمہ درج کیا، تاہم میڈیکل رپورٹ میں زیادتی کے شواہد سامنے نہیں آئے۔
تحقیقات کے دوران پولیس نے تکنیکی معلومات اور جیو فینسنگ کی مدد سے عابد اور میاں بیوی کے درمیان رابطوں کا سراغ لگایا۔ پولیس کے مطابق عابد کی گرفتاری کے بعد اس نے مخالفین کو پھنسانے کے لیے سازش تیار کرنے کا اعتراف کیا۔
پولیس نے میاں بیوی کے خلاف بھی مقدمہ درج کرلیا ہے اور ان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔