وفاق کے تعاون کے بغیر خیبرپختونخوا کے مسائل حل نہیں ہوسکتے، فیصل کریم کنڈی
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے کی ترقی اور مسائل کے حل کے لیے وفاقی حکومت کے ساتھ تعاون ناگزیر ہے۔ ان کے مطابق یہ صوبے کے لیے مثبت پیش رفت ہے کہ اب وفاق اور صوبے ایک صفحے پر ہیں۔
صوابی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے دورِ حکومت میں وفاق اور خیبرپختونخوا کے درمیان اختلافات اور تنازعات موجود رہے، تاہم ان کی کوشش ہے کہ وفاق اور دیگر صوبوں کے ساتھ خوشگوار اور برادرانہ تعلقات کو فروغ دیا جائے۔
گورنر نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی، جبکہ تعلیم، صحت اور سرکاری اداروں میں نمایاں بہتری لانے کی بھی ضرورت ہے۔ انہوں نے تجاوزات کے خلاف کارروائی قانون کے مطابق کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قانون کا اطلاق سب سے پہلے ان پر خود ہونا چاہیے۔
دوسری جانب پشاور کے گورنر ہاؤس میں زلمی مدرسہ کرکٹ لیگ کی ٹرافی کی رونمائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کھیل نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے اور انتہا پسندی کے رجحان کی روک تھام میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مدارس میں زیرِ تعلیم طلبہ معاشرے کا اہم حصہ ہیں، اس لیے انہیں کھیلوں اور دیگر صحت مند سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مناسب مواقع فراہم کیے جانے چاہییں۔
فیصل کریم کنڈی نے تجویز دی کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی افتتاحی تقریب اس مرتبہ پشاور میں منعقد کی جائے، تاکہ دنیا بھر میں پاکستان کے امن اور مثبت تشخص کا پیغام پہنچایا جاسکے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات اور قربانیاں فراموش نہیں کی جاسکتیں۔