قومی اسمبلی کے اجلاس میں 30 اکتوبر تک توسیع، اہم قانون سازی متوقع

قومی اسمبلی کے جاری اجلاس کی مدت میں چار روز کی توسیع کرتے ہوئے اسے 30 اکتوبر تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پارلیمانی ذرائع کے مطابق ایوان میں اہم قانونی مسودوں کی منظوری حاصل کرنے کے لیے اجلاس کا دورانیہ بڑھایا گیا ہے۔

طے شدہ شیڈول کے تحت قومی اسمبلی کا اجلاس 26 اکتوبر تک ہونا تھا، تاہم اب یہ 30 اکتوبر تک جاری رہے گا۔

پارلیمانی ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اجلاس کے دوران مختلف بلز قانون سازی کے لیے پیش کرے گی۔ ان میں بعض ایسے مسودے بھی شامل ہیں جن میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں ترامیم کی جائیں گی، جبکہ آئی ایم ایف کی شرائط کے تحت کچھ قوانین میں تبدیلیاں بھی متوقع ہیں۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے مجوزہ قانون سازی کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی کو بھی اعتماد میں لے لیا ہے۔