معاشی سرگرمیوں میں اضافے کے لیے نجی شعبے سے تعاون جاری ہے، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت نجی شعبے کے اشتراک سے معاشی سرگرمیوں کو وسعت دینے اور کاروباری ماحول کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

وزیراعظم سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر علی حسام اصغر نے ملاقات کی، جس میں ملکی معیشت، کاروبار اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر شہباز شریف نے لاہور چیمبر کے صدر کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز کا جائزہ لینے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت بھی کی۔

ملاقات کے دوران صنعتوں کو درپیش مشکلات اور کاروباری طبقے کو سہولیات فراہم کرنے کے معاملات زیرِ بحث آئے۔ وزیراعظم نے معاشی ترقی کے لیے برآمدی صنعتوں کو مستحکم بنانے، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور تجارتی سرگرمیوں میں اضافے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

لاہور چیمبر کے صدر علی حسام اصغر نے وزیراعظم کو کاروباری برادری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور حکومت کی معاشی بہتری اور سرمایہ کاری کے فروغ سے متعلق پالیسیوں کو سراہا۔

ملاقات میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ بھی شریک تھے۔