کومل عزیز خان کا شوبز انڈسٹری چھوڑنے کا باضابطہ اعلان، پانچ سال پہلے فیصلہ کرلیا تھا
پاکستان کی سابق اداکارہ کومل عزیز خان نے شوبز انڈسٹری سے مستقل طور پر الگ ہونے کا اعلان کردیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اداکاری کو خیرباد کہنے کا فیصلہ انہوں نے تقریباً پانچ سال قبل کرلیا تھا، تاہم اس حوالے سے باضابطہ طور پر اب آگاہ کیا ہے۔
کومل عزیز خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنی ایک تفصیلی پوسٹ میں بتایا کہ وہ اس فیصلے کا فوری اعلان کرنے کے بجائے کچھ عرصہ خاموشی سے اپنی زندگی کے نئے مرحلے پر توجہ دینا چاہتی تھیں۔
سابق اداکارہ کے مطابق وہ غیر ضروری میڈیا توجہ سے دور رہنے کے ساتھ یہ بھی جانچنا چاہتی تھیں کہ آیا وہ شوبز کی دنیا سے باہر اپنی الگ پہچان بنانے اور ایک کامیاب کاروبار قائم کرنے میں کامیاب ہوسکتی ہیں یا نہیں۔
کومل عزیز خان نے مزید کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران انہوں نے شہرت اور میڈیا کی توجہ سے ہٹ کر اپنی ذات اور مستقبل پر توجہ مرکوز رکھی اور زندگی کے لیے ایک نئی راہ اختیار کی۔
ان کا کہنا ہے کہ اب ان کی توجہ اپنے کاروبار کو مزید وسعت دینے اور مالی خودمختاری برقرار رکھنے پر مرکوز ہے۔