جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ کے انتقال پر فیلڈ مارشل عاصم منیر اور صدر زرداری کا اظہارِ افسوس

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت پاک فوج کے افسران اور جوانوں نے سابق آرمی چیف جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں مرحوم کی عسکری خدمات، قائدانہ صلاحیتوں اور پاک فوج کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کو سراہا گیا۔ ترجمان کے مطابق پاک فوج اس مشکل وقت میں سوگوار خاندان کے غم میں برابر کی شریک ہے اور اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کرتی ہے۔

بیان میں دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ ساتھ ہی لواحقین کے لیے صبرِ جمیل اور حوصلے کی دعا بھی کی گئی۔

دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھی جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی جوارِ رحمت میں جگہ دے اور ان کے اہلِ خانہ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کے لیے صبر و ہمت عطا فرمائے۔