دانش تیمور ڈرامے میں شراب نوشی کے منظر پر تنقید کی زد میں آگئے
پاکستانی اداکار دانش تیمور اپنے نئے ڈرامے کے ایک منظر کی وجہ سے سوشل میڈیا پر صارفین کی تنقید کا سامنا کر رہے ہیں۔ نجی ٹی وی چینل پر نشر ہونے والی ڈرامے کی تازہ قسط میں ان کے کردار شاہ داؤد کو شراب پیتے ہوئے دکھایا گیا، جس پر متعدد ناظرین نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔
ڈرامے کی کہانی شاہ داؤد اور بریرہ کے گرد گھومتی ہے، جن کی شادی ان کی مرضی کے خلاف کرائی جاتی ہے۔ حالیہ قسط کے ایک منظر میں شاہ داؤد شراب نوشی کرتے ہوئے اپنی اہلیہ کے بارے میں سوچتا دکھائی دیتا ہے۔
یہ منظر سوشل میڈیا پر پھیلنے کے بعد ڈرامے کی ٹیم کو صارفین کی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ بعض ناظرین نے سوال اٹھایا کہ پاکستانی ڈراموں میں بار بار شراب نوشی کے مناظر شامل کرنے کی ضرورت کیوں پیش آتی ہے۔
کچھ صارفین نے یہ خدشہ بھی ظاہر کیا کہ اس نوعیت کے مناظر نوجوان ناظرین پر منفی اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔ اس معاملے پر سوشل میڈیا پر مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں۔