یومِ سیاہ کشمیر: پاکستان کا عالمی برادری سے تنازع کے حل میں کردار ادا کرنے کا مطالبہ

ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مسئلہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پُرامن حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ اس دیرینہ تنازع کا تصفیہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔

یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں سجاد حیدر خان نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے ان کی جدوجہد، ثابت قدمی اور حوصلے کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا اور انہیں اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دلانے کی کوششوں کی حمایت کرتا رہے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کشمیری عوام کے نام پیغام

وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ سیاہ کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد اور قربانیاں آزادی، وقار اور انصاف کے حصول کے لیے ان کے پختہ عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔ انہوں نے کشمیری سیاسی رہنماؤں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کی طویل قید پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔

وزیراعظم کے مطابق 5 اگست 2019 کو بھارت کی جانب سے کیے گئے اقدامات نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی آئینی حیثیت کو تبدیل کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کا منصفانہ اور پُرامن حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تلاش کیا جانا چاہیے۔

شہباز شریف نے واضح کیا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جبر اور دباؤ کے ذریعے کشمیری عوام کی خواہشات اور حقِ خودارادیت کی جدوجہد کو ختم نہیں کیا جا سکتا۔

دنیا بھر میں یومِ سیاہ کشمیر منایا جا رہا ہے

مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف آج دنیا کے مختلف حصوں میں کشمیری یومِ سیاہ منا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی احتجاجی ریلی کا اہتمام کیا گیا ہے، جو ریڈیو پاکستان چوک سے شروع ہوکر ڈی چوک تک جائے گی۔