مظفر گڑھ میں فوڈ اتھارٹی اور پولیس ٹیم پر حملہ، 12 اہلکار زخمی

مظفر گڑھ میں مضرِ صحت دودھ کی فروخت کے خلاف کارروائی کے دوران مقامی افراد نے پنجاب فوڈ اتھارٹی اور پولیس کی ٹیم کو نشانہ بنا لیا، جس کے نتیجے میں متعدد اہلکار زخمی ہوگئے۔

روزنامہ جنگ کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں دو ایس ایچ اوز سمیت سات پولیس اہلکار اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کے پانچ ملازمین زخمی ہوئے۔ کارروائی کے دوران صورتحال کشیدہ ہوگئی اور حملہ آوروں نے کچھ وقت کے لیے پولیس اہلکاروں کو یرغمال بھی بنائے رکھا۔

پولیس کے مطابق فوڈ اتھارٹی کی اطلاع پر دو مختلف تھانوں کی نفری موقع پر پہنچی تھی، جہاں مضرِ صحت دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی تھی۔

واقعے کے بعد تھانہ سٹی اور تھانہ صدر میں دو الگ مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمات میں 15 نامزد افراد سمیت مجموعی طور پر 60 افراد کو ملزم قرار دیا گیا ہے، جبکہ کارروائی کے دوران چھ مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔