مریدکے: پانچ سالہ بچے کے قتل کیس میں دو ملزمان مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک، دو فرار
مریدکے میں پانچ سالہ بچے کے قتل کے مقدمے میں نامزد ملزمان اور کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کے درمیان مبینہ مقابلے میں دو ملزمان ہلاک ہوگئے، جبکہ دو دیگر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس کے مطابق گشت پر مامور اہلکاروں کی گاڑی پر ملزمان نے فائرنگ کی، جس کے بعد پولیس نے جوابی کارروائی کی۔ اس دوران دو ملزمان ہلاک ہوئے، جن کی شناخت آصف ولد لیاقت اور منیب ولد اشرف کے نام سے کی گئی ہے۔ پولیس نے ہلاک ملزمان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان پر الزام تھا کہ انہوں نے پانچ سالہ بچے کو بدفعلی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کیا اور اس کی لاش گاؤں رتہ بھڑھ کے ایک جوہڑ میں دفن کردی تھی۔
مبینہ مقابلے میں ہلاک ہونے والے دونوں ملزمان کی لاشیں قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردی گئی ہیں، جبکہ فرار ہونے والے دیگر دو ملزمان کی گرفتاری کے لیے تلاش جاری ہے۔