صادق سنجرانی کے گھر 21 سال بعد بیٹے کی ولادت، مبارک باد کے پیغامات کا سلسلہ جاری

سابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے ہاں 21 سال کے وقفے کے بعد بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے، جس پر اہلِ خانہ، عزیز و اقارب اور خیر خواہوں کی جانب سے خوشی کا اظہار اور مبارک باد پیش کی جا رہی ہے۔

48 سالہ صادق سنجرانی مارچ 2018 سے مارچ 2024 تک چیئرمین سینیٹ کے منصب پر فائز رہے۔ وہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے پہلے سیاست دان تھے جنہیں ایوانِ بالا کی سربراہی کا اعزاز حاصل ہوا۔

صادق سنجرانی نے 39 برس کی عمر میں چیئرمین سینیٹ کا انتخاب جیتا تھا، جس کے نتیجے میں وہ اس عہدے پر پہنچنے والے کم عمر ترین چیئرمین بھی قرار پائے۔

بلوچستان کے علاقے نوشکی کے نوکنڈی سے تعلق رکھنے والے صادق سنجرانی ماضی میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی ٹیم کے ساتھ بھی کام کرچکے ہیں۔ انہوں نے 1998 اور 1999 کے دوران نواز شریف کے کوآرڈینیٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔