ٹرمپ کا ایران پر مزید فوجی حملوں کا امکان رد کرنے سے گریز

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف مستقبل میں مزید فوجی کارروائیوں کے امکان کو مسترد کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے فی الحال کوئی حتمی بات نہیں کہی جاسکتی اور تمام امکانات موجود ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وسط مدتی انتخابات کے بعد ایران پر دوبارہ حملے کیے جائیں گے یا نہیں، اس بارے میں ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔

امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ایران معاہدہ کرنے کا خواہش مند ہے، تاہم وہ جان بوجھ کر مذاکراتی عمل کو طول دے رہا ہے۔ ان کے مطابق ممکن ہے ایرانی قیادت امریکی انتخابات کے نتائج کا انتظار کر رہی ہو، لیکن ایسا کرنے سے تہران کو کوئی فائدہ حاصل نہیں ہوگا۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایران کے معاملے پر امریکا اس وقت مضبوط پوزیشن میں ہے اور جنگ کے خاتمے کا فیصلہ وہ خود کریں گے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ امریکی کارروائیوں کے نتیجے میں ایران کی فوجی صلاحیت کو شدید نقصان پہنچا ہے، جبکہ ملک کی معیشت بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔