بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 9 دہشت گرد ہلاک، آئی ایس پی آر

بلوچستان کے اضلاع کچھی اور وڈھ میں سکیورٹی فورسز نے دو الگ الگ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 9 بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع کچھی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے ان کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا۔ اس دوران فائرنگ کے شدید تبادلے کے نتیجے میں 7 دہشت گرد مارے گئے۔ کارروائی میں دہشت گردوں کے ٹھکانے بھی تباہ کیے گئے، جبکہ وہاں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دوسری کارروائی ضلع وڈھ میں کی گئی، جہاں سکیورٹی اہلکاروں نے دہشت گردوں کی موجودگی کا سراغ لگانے کے بعد ان کے خلاف مؤثر کارروائی کی۔ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں مزید 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جن کے قبضے سے بھی اسلحہ اور گولہ بارود ملا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق دونوں آپریشنز میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق فتنہ الہندوستان سے تھا۔