کنگن پور میں زہریلی کھیر کھانے سے تین بھائی جاں بحق، والدین کی حالت تشویشناک
قصور کے علاقے کنگن پور میں مبینہ طور پر زہریلی کھیر کھانے سے تین سگے بھائی جان کی بازی ہار گئے، جبکہ ان کے والد اور والدہ کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے سے متاثرہ خاندان کا تعلق محمود خانیکے، ضلع قصور سے ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 28 سالہ آصف، 25 سالہ ناظم اور 15 سالہ امانت شامل ہیں۔
حکام کے مطابق ناظم علی نے گزشتہ روز دورانِ علاج دم توڑ دیا تھا، جبکہ آصف اور امانت بھی آج اسپتال میں زندگی کی بازی ہار گئے۔
واقعے میں خاندان کے سربراہ قاسم علی اور ان کی اہلیہ حسنہ بی بی بھی مبینہ طور پر زہریلی کھیر کھانے سے متاثر ہوئے ہیں۔ دونوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، تاہم ان کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
واقعے کی وجوہات اور کھیر میں زہریلا مادہ شامل ہونے سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔