پنجاب میں کھلی فضا میں ڈرون اڑانے پر پابندی میں مزید 30 روز کی توسیع

پنجاب حکومت نے سکیورٹی خدشات کے باعث صوبے بھر میں کھلے مقامات پر ڈرون اڑانے کی پابندی مزید 30 دن کے لیے بڑھا دی ہے۔ اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

جاری کردہ ہدایات کے مطابق پابندی کے دوران کھلی جگہوں پر ڈرون اڑانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ تاہم شادی ہالز، مارکیز اور دیگر بند مقامات پر ہونے والی تقریبات کی ویڈیو کوریج کے لیے چھوٹے ڈرونز کے محدود استعمال کی اجازت دی گئی ہے۔

حکومت نے واضح کیا ہے کہ اندرونی تقریبات میں ڈرون استعمال کرنے کی صورت میں حفاظتی انتظامات یقینی بنانا منتظمین کی ذمہ داری ہوگی۔ انہیں اس بات کا خیال رکھنا ہوگا کہ ڈرون کے باعث تقریب میں شریک مہمانوں، عملے یا دیگر افراد کی جان و سلامتی کو کوئی خطرہ پیش نہ آئے۔

محکمہ داخلہ کے ترجمان کے مطابق انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔ یہ ادارے اپنی سرکاری ذمہ داریوں کی انجام دہی کے لیے ڈرون استعمال کرسکیں گے، جبکہ دیگر افراد اور اداروں کے لیے مقررہ ضوابط پر عمل کرنا لازمی ہوگا۔

ڈرونز کے استعمال کو منظم بنانے کے لیے ضلعی سطح پر سیف ڈرون یوزیج کمیٹیاں بھی قائم کی گئی ہیں۔ ان کمیٹیوں سے تحریری اجازت حاصل کرنے والے افراد کو مقررہ قواعد کے تحت ڈرون استعمال کرنے کی سہولت حاصل ہوگی۔ حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد ڈرونز کے غیر مجاز استعمال کو روکنا اور سکیورٹی خدشات میں کمی لانا ہے۔