بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ تھری، فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک
بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ تھری کے تحت سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ضلع کیچ کے علاقے بولیدہ میں کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والا ایک دہشت گرد مارا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بولیدہ کے علاقے مینازمیں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا۔ اس دوران دہشت گردوں نے دو خواتین کو اپنے ساتھ لے جاتے ہوئے راستے میں ناکہ بندی کرنے کی کوشش کی۔
سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگاتے ہوئے ان کا تعاقب کیا، جس کے نتیجے میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔ کارروائی کے بعد ہلاک ہونے والے دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق علاقے میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے خدشے کے پیشِ نظر کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ ممکنہ خطرات کا خاتمہ کیا جاسکے۔
ذرائع نے مزید کہا کہ بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رکھنے کا عزم کیا گیا ہے۔