عبدالعلیم خان سے ایرانی سفیر کی ملاقات، پاک ایران تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان اور ایران کے سفیر رضا امیری مقدم کے درمیان اسلام آباد میں ملاقات ہوئی، جس میں خطے کی تازہ صورتحال، پاک ایران تعلقات اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران عبدالعلیم خان نے ایران کے حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام مشکل وقت میں اپنے ایرانی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ موجودہ مشکلات جلد ختم ہوں گی اور کہا کہ آزمائش کے وقت ہی دوستوں کی اہمیت واضح ہوتی ہے۔
وفاقی وزیر نے ایرانی قیادت کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی رہنماؤں کی شہادت پر پاکستانی عوام کو بھی گہرا دکھ پہنچا ہے۔ انہوں نے ایران کے عوام کے لیے خوشحالی، امن اور پُرسکون زندگی کی دعا بھی کی۔
عبدالعلیم خان نے اس موقع پر جلد ایران کا دورہ کرنے کی خواہش ظاہر کی، جس کا ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے خیرمقدم کیا۔
ایرانی سفیر نے مشکل حالات میں پاکستانی عوام کی حمایت کو سراہتے ہوئے وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی مسائل کے حل اور تعاون کو آگے بڑھانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
ملاقات میں پاکستان اور ایران کے دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور دوطرفہ روابط بڑھانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ ایرانی سفیر نے کہا کہ پاک ایران سرحد پر تجارتی سرگرمیوں کا فروغ دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے۔