انتخابی اصلاحات پر حکومت کا اپوزیشن سے مذاکرات کا فیصلہ، پارلیمانی کمیٹی میں 5 نشستیں دینے کی تجویز
حکومت نے آئندہ عام انتخابات کو شفاف بنانے اور انتخابی نظام میں بہتری لانے کے لیے اصلاحات کا عمل تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف نے اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات پر آمادگی ظاہر کرتے ہوئے اسے انتخابی اصلاحات کے لیے قائم پارلیمانی کمیٹی میں شامل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ اپوزیشن سے کمیٹی میں نمائندگی کے لیے ارکان کے نام طلب کیے جائیں، تاکہ انتخابی اصلاحات پر مشاورت کے عمل کو آگے بڑھایا جا سکے۔
مجوزہ 20 رکنی پارلیمانی کمیٹی میں اپوزیشن کے لیے پانچ نشستیں مختص کرنے کی تجویز ہے۔ اس مقصد کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی اپوزیشن کو کمیٹی میں شمولیت کی دعوت دینے کے لیے باضابطہ خط ارسال کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر کے خط کے ذریعے اپوزیشن سے اپنے پانچ نمائندوں کے نام دینے کی درخواست کی جائے گی۔ اس اقدام کا مقصد انتخابی اصلاحات کے عمل میں حکومت اور اپوزیشن کی شمولیت کو یقینی بنانا ہے، تاکہ مستقبل کے انتخابات کے لیے نظام میں بہتری لانے پر مشترکہ مشاورت کی جا سکے۔