مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کو نشانہ بنانے کی کوششیں ناقابلِ قبول، عبدالرحمن السدیس کی مذمت

حرمین شریفین کے انتظامی و مذہبی امور کے سربراہ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے حوثی ملیشیا کی جانب سے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کو مبینہ طور پر مسلسل نشانہ بنانے کی کوششوں کی شدید مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مقدس مقامات، عام شہریوں اور تنصیبات کو نشانہ بنانا اسلامی تعلیمات، شرعی احکامات اور انسانی اقدار کے منافی ہے۔

ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے اپنے بیان میں کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کو بار بار نشانہ بنانے کی کوششیں مسلمانوں کے مقدس مقامات کی حرمت کی خلاف ورزی ہیں۔ ان کے مطابق ایسے اقدامات نہ صرف اسلامی اصولوں بلکہ بین الاقوامی ضوابط سے بھی مطابقت نہیں رکھتے۔

انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی کارروائیاں سعودی عرب کے امن و استحکام کو متزلزل نہیں کرسکتیں، بلکہ ان سے حرمین شریفین کے تحفظ اور وہاں آنے والے زائرین کی سلامتی یقینی بنانے کے عزم کو مزید مضبوطی ملے گی۔

ڈاکٹر السدیس نے مقدس مقامات کی حفاظت اور حرمین شریفین کے انتظامات کے لیے سعودی قیادت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان مقامات کی سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا اور یہ معاملہ سعودی عرب کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔

انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ سعودی عرب حرمین شریفین کی خدمت، مقدس مقامات کے تحفظ اور زائرین کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرتا رہے گا۔