ابوظبی میں نایاب سفید باز 15 لاکھ درہم میں نیلام

ابوظبی میں جاری انٹرنیشنل ہنٹنگ اینڈ ایکوسٹرین ایگزیبیشن کے دوران ایک انتہائی نایاب سفید باز نے ریکارڈ قیمت حاصل کرلی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق الٹرا وائٹ پیور گیر گرموشا نسل سے تعلق رکھنے والا نایاب باز 15 لاکھ درہم میں فروخت ہوا، جو رواں سال نمائش میں اب تک نیلام ہونے والا سب سے مہنگا باز قرار دیا جارہا ہے۔

یہ نایاب باز امریکا کے مارک موگلچ فارم میں پالا گیا ہے۔ اس کا وزن تقریباً 1000 گرام جبکہ جسم کی لمبائی اور چوڑائی 16.5 انچ بتائی گئی ہے۔ اپنے مکمل سفید پروں اور غیر معمولی جسمانی ساخت کے باعث یہ باز دیگر پرندوں سے منفرد حیثیت رکھتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق رواں سال ہونے والی اس نمائش میں 55 معروف مقامی اور بین الاقوامی فالکن بریڈنگ فارمز شرکت کررہے ہیں، جہاں نایاب اور اعلیٰ نسل کے شکاری پرندے شائقین اور خریداروں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔