مصنوعی ذہانت سے نوجوانوں کی ملازمتوں کو خطرہ، آئی ایم ایف کا انتباہ
عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے خبردار کیا ہے کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے تیزی سے بڑھتے استعمال کے باعث نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع متاثر ہوسکتے ہیں۔
کرسٹالینا جارجیوا کے مطابق مصنوعی ذہانت کے معاشی اثرات ظاہر ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اے آئی کے شعبے میں بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری عالمی اقتصادی ترقی کی شرح کو تقریباً 3 فیصد پر برقرار رکھنے میں مدد دے رہی ہے۔
آئی ایم ایف کی سربراہ نے کہا کہ مصنوعی ذہانت عالمی معیشت میں طلب اور سرمایہ کاری کے رجحانات کو تبدیل کررہی ہے۔ اس ٹیکنالوجی کا دائرہ وسیع ہونے سے روزگار کے شعبے کے ساتھ حکومتی محصولات کا نظام بھی متاثر ہونے کا امکان ہے۔
انہوں نے اس جانب بھی توجہ دلائی کہ مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے استعمال کے نتیجے میں حکومتوں کے لیے ٹیکس جمع کرنے کے موجودہ طریقۂ کار پر نظرثانی کی ضرورت پیش آسکتی ہے۔