امریکی صدر کے زیر استعمال رہنے والا ائیر فورس ون طیارہ 35 سالہ سروس کے بعد ریٹائر

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے زیرِ استعمال صدارتی طیارے “ائیر فورس ون” نے 35 برس سے زائد عرصے تک خدمات انجام دینے کے بعد اپنی ذمہ داریاں مکمل کر لیں۔ اب قطر کی جانب سے تحفے میں دیا گیا تقریباً 400 ملین ڈالر مالیت کا جدید بوئنگ طیارہ نئے صدارتی طیارے کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔

بوئنگ 747 ماڈل پر مشتمل یہ تاریخی طیارہ کئی امریکی صدور کے سرکاری اور بین الاقوامی دوروں کا حصہ رہا اور تین دہائیوں سے زیادہ عرصے تک وائٹ ہاؤس کے فضائی بیڑے کا اہم رکن سمجھا جاتا تھا۔

رپورٹس کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فرانس میں منعقدہ جی سیون سربراہی اجلاس میں شرکت کے بعد واشنگٹن واپسی کے لیے اسی طیارے کا آخری مرتبہ استعمال کیا، جس کے ساتھ اس کی طویل سروس کا اختتام ہوگیا۔

اس موقع پر وائٹ ہاؤس کے کمیونیکیشن ڈائریکٹر اسٹیون چیونگ نے سوشل میڈیا پر طیارے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے جذباتی انداز میں اسے خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں “آخری سفر” کا ذکر کرتے ہوئے طیارے کی طویل اور وفادار خدمات کو سراہا۔