ہائی جیکنگ الرٹ کے بعد ایئر انڈیا کی پرواز کی جے پور میں ہنگامی لینڈنگ
جرمنی کے شہر فرینکفرٹ سے نئی دہلی جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز AI 2030 کو ہائی جیکنگ کے مبینہ الرٹ اور بم کی افواہ کے بعد احتیاطی طور پر جے پور ایئرپورٹ منتقل کردیا گیا، جہاں طیارے نے بحفاظت ہنگامی لینڈنگ کی۔
جیو نیوز کے مطابق ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب طیارہ بھارتی ریاست راجستھان کی فضائی حدود میں پرواز کر رہا تھا اور اسے کچھ دیر بعد نئی دہلی ایئرپورٹ پر اترنا تھا۔ صبح تقریباً 9 بجے احمدآباد ایئر ٹریفک کنٹرول کو پرواز کی جانب سے ہائی جیکنگ کا بین الاقوامی ہنگامی کوڈ 7500 موصول ہوا۔
اس اطلاع کے بعد ہنگامی صورتِ حال پیدا ہوگئی اور بھارت بھر میں سکیورٹی اداروں کو الرٹ کردیا گیا۔ دہلی ایئرپورٹ کے وار روم نے احتیاطی اقدام کے طور پر طیارے کا رخ جے پور کی جانب موڑنے کی ہدایت کی۔
بوئنگ 787 ڈریم لائنر نے بدھ کی صبح 9 بج کر 35 منٹ پر جے پور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحفاظت لینڈنگ کی۔ لینڈنگ کے فوراً بعد طیارے کو ایئرپورٹ کے مخصوص آئسولیشن بے میں منتقل کردیا گیا، جہاں سکیورٹی ضوابط کے تحت تمام مسافروں اور عملے کو بحفاظت باہر نکالا گیا۔
بعد ازاں سینٹرل انڈسٹریل سکیورٹی فورس، مقامی پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے طیارے اور مسافروں کے سامان کی تفصیلی تلاشی لی۔ جانچ پڑتال مکمل ہونے کے بعد پرواز کو محفوظ قرار دے دیا گیا۔ فلائٹ ڈیٹا کے مطابق طیارے میں 250 مسافر سوار تھے۔
حکام کے مطابق ہائی جیکنگ کا الرٹ پائلٹ کی جانب سے غلطی سے ایک بٹن دب جانے کے باعث جاری ہوا تھا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق پائلٹ نے یہ بٹن غیر ارادی طور پر دبایا، جس سے سکیورٹی اداروں کو ہنگامی اطلاع موصول ہوئی۔ اس دوران بعض اطلاعات میں بم کی دھمکی کا ذکر بھی کیا گیا، تاہم تلاشی کے بعد طیارے کو محفوظ قرار دیا گیا۔