آزاد کشمیر اسمبلی کی 8 مخصوص نشستوں پر پولنگ 24 اگست کو ہوگی

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی مخصوص نشستوں کے حوالے سے سیاسی رابطوں اور مشاورت کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ الیکشن کمیشن نے 8 مخصوص نشستوں کے انتخابات کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ شیڈول کے مطابق پولنگ 24 اگست کو ہوگی۔

ہم نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ خواتین کی مخصوص نشستوں کے لیے مختلف امیدواروں کے انٹرویوز کیے گئے۔ مظفرآباد سے ماریہ اقبال اور مریم کشمیری، پلندری سے سحرش قمر، جبکہ میرپور سے مریم ادریس، مسز راجہ عابداور ناصرہ سدوزئی کے نام سامنے آئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں ٹیکنوکریٹ کی مخصوص نشست کے لیے کئی ناموں پر غور جاری ہے۔ ان میں مظفرآباد سے افتخار گیلانی، کھوئی رٹہ سے راجہ شاداب اور حویلی سے محسن عزیز شامل ہیں، جبکہ پیر مظہر سعید کا نام بھی زیرِ غور بتایا جارہا ہے۔ مخصوص نشستوں کے لیے پارٹی ٹکٹ آج جاری کیے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق مجموعی طور پر 8 مخصوص نشستوں میں خواتین کے لیے 5 نشستیں جبکہ علما و مشائخ، اوورسیز کشمیریوں اور ٹیکنوکریٹس و دیگر پروفیشنلز کے لیے ایک ایک نشست شامل ہے۔

شیڈول کے مطابق امیدوار 20 اگست کو صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک کاغذات نامزدگی جمع کراسکیں گے۔ اسی دن کاغذات کی جانچ مکمل کرکے درست امیدواروں کی فہرست جاری کی جائے گی۔

کاغذات نامزدگی کی منظوری یا مسترد کیے جانے کے خلاف 21 اگست کو اپیلیں دائر کی جاسکیں گی، جن پر الیکشن کمیشن 22 اگست کو فیصلے کرے گا۔

امیدوار 23 اگست کو دوپہر 2 بجے تک اپنے کاغذات واپس لے سکیں گے، جس کے بعد امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی جائے گی۔

مخصوص نشستوں کے لیے پولنگ 24 اگست کو صبح 10 بجے سے دوپہر ایک بجے تک آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی ہال، بلاک نمبر 12، سول سیکرٹریٹ چترکلاس مظفرآباد میں ہوگی۔