عبدالعلیم خان کا موٹر وے پولیس کے چالان اور ٹرانسپورٹرز کے مسائل پر اہم بیان

وفاقی وزیرِ مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ موٹر وے پولیس کی جانب سے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کسی قسم کا ناجائز چالان برداشت نہیں کیا جائے گا، جبکہ حکومت کی جانب سے کیے گئے وعدوں پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

روزنامہ جنگ کے مطابق گڈز ٹرانسپورٹرز نے مذاکرات میں پیش رفت پر وفاقی وزیرِ مواصلات کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا، جہاں عبدالعلیم خان نے ٹرانسپورٹرز سے متعلق مختلف امور پر گفتگو کی۔

وفاقی وزیر نے ٹرانسپورٹرز پر زور دیا کہ ایکسل لوڈ پالیسی کی پابندی کی جائے، کیونکہ یہ نہ صرف ان کے اپنے مفاد بلکہ سڑکوں اور گاڑیوں کی حفاظت کے لیے بھی ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مقررہ حد سے زیادہ وزن اٹھانے سے بھاری گاڑیوں کو نقصان پہنچنے کے ساتھ شاہراہوں کی حالت بھی متاثر ہوتی ہے۔ عبدالعلیم خان نے ٹرانسپورٹرز کو ملکی معیشت کا اہم حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ معاشی ترقی کے لیے حکومت اور ٹرانسپورٹ شعبے کے درمیان تعاون ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹرانسپورٹرز کے مسائل سمجھنے کے لیے ضرورت پڑنے پر وہ خود فیلڈ میں جاکر صورتحال کا جائزہ لینے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔

واضح رہے کہ گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی کی زیر صدارت ہونے والے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن، وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتوں کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے تھے۔

مذاکرات میں پیش رفت کے بعد ٹرانسپورٹرز نے ملک گیر 9 روزہ ہڑتال مزید 40 دن کے لیے مؤخر کرنے اور معمول کے مطابق گاڑیاں سڑکوں پر چلانے کا اعلان کردیا۔