انسداد دہشتگردی عدالت نے علیمہ خان کی درخواست مسترد کردی
راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے علیمہ خان کی جانب سے دائر درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے پراسیکیوشن کے مؤقف سے اتفاق کیا اور درخواست خارج کردی۔
یہ درخواست 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق مقدمے میں دائر کی گئی تھی، جس میں علیمہ خان نے عدالت کے سامنے پیش کی جانے والی ویڈیوز پر مشتمل یو ایس بی کا بین الاقوامی فرانزک تجزیہ کرانے کی استدعا کی تھی۔
کیس کی سماعت کے دوران علیمہ خان کے گواہ فتح اللہ برکی نے مختلف ویڈیوز پر مشتمل یو ایس بی عدالت میں جمع کرائی تھی۔ درخواست پر فریقین کے وکلا نے 11 اگست کو دلائل مکمل کیے تھے۔
پراسیکیوشن کی جانب سے اسپیشل پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے درخواست پر اعتراضات پیش کیے، جبکہ علیمہ خان کے وکیل فیصل ملک نے عدالت میں درخواست کے حق میں دلائل دیے۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ یو ایس بی میں موجود مواد پہلے ہی عدالتی ریکارڈ کا حصہ بن چکا ہے، جبکہ اس میں شامل بعض ویڈیوز مقدمے سے متعلق نہیں ہیں۔ اسی بنیاد پر عدالت نے بین الاقوامی فرانزک کرانے کی درخواست مسترد کردی۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے مقدمے کی مزید سماعت 25 اگست تک ملتوی کردی۔