علیمہ خان کی گرفتاری حالات خراب کرنے کی جانب پہلا قدم ہے: بیرسٹر گوہر
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے علیمہ خان کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے اسے حالات میں کشیدگی پیدا کرنے کی جانب پہلا قدم قرار دیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی کا 27 ستمبر کو ہونے والا مارچ پُرامن اور سیاسی نوعیت کا ہوگا، جبکہ پارٹی کسی قسم کے تصادم یا تشدد کی خواہاں نہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئینی اور سیاسی مطالبات کے حصول کے لیے پُرامن جدوجہد ہی پی ٹی آئی کا مؤقف ہے۔ ان کے مطابق علیمہ خان کو گرفتار کرنا یا ایم پی او کے تحت نظر بند کرنا صورتحال میں مزید تناؤ پیدا کرنے کے مترادف ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ایسے اقدامات کے خلاف پارٹی جلد اپنے آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔
بیرسٹر گوہر نے علیمہ خان کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایسے تمام اقدامات فوری طور پر روکے جائیں اور علیمہ خان کو رہا کیا جائے۔