عدالت کی ہدایت کے باعث میڈیا سے گفتگو نہیں کریں گے.علیمہ خان
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ انہوں نے عدالت کے سامنے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ میڈیا سے بات نہیں کریں گی، اسی لیے سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے پر بھی تفصیلی تبصرہ کرنے سے گریز کررہی ہیں۔
روزنامہ جنگ کے مطابق اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران علیمہ خان نے کہا کہ وہ محتاط رہنا چاہتی ہیں تاکہ کوئی ایسی بات نہ کہہ دیں جسے عدالت کی ہدایات کے منافی سمجھا جائے۔ ان کے مطابق عدالت نے اس معاملے میں سخت ہدایات جاری کی ہیں۔
ایک صحافی نے آج کے عدالتی فیصلے کے بارے میں ان کی رائے جاننا چاہی تو علیمہ خان نے جواب دیا کہ عدالت نے میڈیا سے بات کرنے سے منع کیا ہے، اس لیے وہ مزید کچھ نہیں کہیں گی۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کا مکمل طبی ریکارڈ طلب کرتے ہوئے انہیں شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا عبوری حکم جاری کیا ہے۔
عدالت نے ہدایت کی ہے کہ عمران خان کو مناسب سیکیورٹی انتظامات کے ساتھ اسپتال منتقل کیا جائے اور وہاں ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے۔ عدالتی حکم کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ خان اور ان کے ذاتی معالج بھی علاج اور طبی نگرانی کے عمل میں موجود ہوں گے۔
سپریم کورٹ نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ اسپتال کے باہر ایسے انتظامات کیے جائیں کہ امن و امان کی صورتحال متاثر نہ ہو اور دیگر مریضوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔