علی ظفر کی کترینہ کیف کی باڈی شیمنگ کی مذمت
پاکستانی اداکار و گلوکار علی ظفر نے بالی ووڈ اداکارہ کترینہ کیف کی حمایت کرتے ہوئے زچگی کے بعد ان کے جسمانی خدوخال پر ہونے والی تنقید اور باڈی شیمنگ کی مذمت کی ہے۔
علی ظفر نے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں معاشرے کے اس رویے پر بات کی جس میں خواتین کے ماضی اور موجودہ ظاہری حلیے کا موازنہ کرکے ان کے جسم یا شکل و صورت پر رائے دی جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین سے جسمانی ساخت، طرزِ زندگی اور ظاہری شخصیت کے حوالے سے مخصوص توقعات وابستہ کرنا مناسب رویہ نہیں۔
اداکار نے کہا کہ بالخصوص مردوں کو اپنے طرزِ عمل پر غور کرنا چاہیے، کیونکہ خواتین کی شکل و صورت کے بارے میں بلا ضرورت تبصرے ایک عام رویہ بنتے جا رہے ہیں۔ علی ظفر نے یہ بھی تسلیم کیا کہ ماضی میں وہ خود بھی بعض افراد کے ظاہری حلیے پر تنقید کر چکے ہیں، تاہم اب وہ ایسے رویے کو درست نہیں سمجھتے۔
واضح رہے کہ علی ظفر اور کترینہ کیف 2011 میں ریلیز ہونے والی رومانوی کامیڈی فلم ’میرے برادر کی دلہن‘ میں ایک ساتھ مرکزی کردار ادا کر چکے ہیں۔
کترینہ کیف کو حالیہ دنوں میں اپنے شوہر وکی کوشل کے ساتھ مختلف عوامی مقامات پر دیکھا گیا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے ان کے وزن میں اضافے اور جسمانی تبدیلیوں سے متعلق تبصرے کیے تھے۔